انتخابی امیدواروں کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں، آفتاب شیرپاو

ویب ڈیسک: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر تبصرہ کرتے ہوئے قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب شیرپاو نے کہا کہ اس سے مہنگائی کی ایک نئی لہر آئے گی اور عام آدمی کی مشکلات مزیدبڑھ جائیں گی۔
یونین کونسل کانگڑہ شبقدر میں انتخابی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آفتاب شیرپاو نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے ہی زیادہ ہیں اور تازہ اضافے سے غریب عوام کیلئے مزید مسائل پیدا ہوں گے۔
حکومت نے حالیہ مہینوں میں قدرتی گیس کے نرخوں میں متعددبار اضافہ کیا ہے جبکہ حکومت ایک بار پھر بجلی کے نرخوں میں اضافے پر غور کر رہی ہے جس سے لوگوں کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کی قوت خرید بھی جواب دے گئی ہے اور گیس، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں مسلسل اضافے نے انہیں بری طرح متاثر کیا۔
چیئرمین کیو ڈبلی پی آفتاب شیرپاو نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں ادویات کی قیمتوں میں بھی 250 فیصد کے قریب اضافہ کیا گیا ہے، لوگ اپنے بچوں کو سکول بھیجنا تو درکنار انہیں دو وقت کی روٹی کھلانے سے بھی قاصر ہیں۔
انہوں نے ملک بھر میں امن و امان کی خراب صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے دن قریب آتے ہی سیکورٹی کی صورتحال مزید خراب ہوتی جارہی ہے۔
ان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت سیکورٹی کو مزید سخت کرنے اور انتخابی امیدواروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے کیونکہ سیکورٹی کو مضبوط نہ کیا گیا تو بدامنی انتخابی عمل کو متاثر کر سکتی ہے۔
آفتاب شیرپا نے کہا کہ حکومت کو ایسے اقدامات کرنے چاہییں تاکہ انتخابی امیدوار بلا خوف اپنی انتخابی مہم چلا سکیں۔
انہوں نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اگرموقع ملا توقومی وطن پارٹی موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ایک مربوط حکمت عملی مرتب کرے گی اورلوگوں کو ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

مزید پڑھیں:  چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے فیصل کریم کنڈی کی ملاقات