پشاور پولیس

پشاور پولیس کی سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو سیکورٹی دینے سے معذرت

پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ نفری میں کمی کے باعث پی ٹی آئی، اے این پی، جماعت اسلامی اور جے یو آئی کے اُمیدواروں کو پولیس گن مین نہیں دے سکتے

ویب ڈیسک: پشاور پولیس کی سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو سیکورٹی دینے سے معذرت کر لی۔
تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس نے انتخابات کے دوران سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو سکیورٹی دینے سے معذرت کرلی ہے۔
کیپیٹل سٹی پولیس نے تمام اُمیدواران کو تحریری طور پر مشورہ دیا ہے کہ تمام امیدوار رجسٹرڈ سکیورٹی کمپنیوں سے گارڈز لے کر اپنی سکیورٹی یقینی بنائیں۔
پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ نفری میں کمی کے باعث پی ٹی آئی، اے این پی، جماعت اسلامی اور جے یو آئی کے اُمیدواروں کو پولیس گن مین نہیں دے سکتے۔
واضح رہے کہ پشاور پولیس کو انتخابات کے دوران سکیورٹی کے لیے پی ٹی آئی کے تیمور سلیم جھگڑا، ارباب شیر علی، جماعت اسلامی کے امیدوار صابر حسین اعوان، سابق صوبائی اسپیکر کرامت اللہ چغرمٹی اور دیگر امیدواروں نے سکیورٹی کے لیے گن مین دینے کی درخواستیں دی تھیں۔
پشاور پولیس کے مطابق تمام امیدواروں کی کارنر میٹنگز اور جلسوں کے لیے سکیورٹی فراہم کی جائے گی، پولیس اہلکار الیکشن کے دن پولنگ اسٹیشنز پر تعینات رہیں گے، پولیس کے پاس امیدواران کو سکیورٹی دینے کے لیے اضافی نفری نہیں ہے۔

مزید پڑھیں:  بیرسٹر سیف اپنی زبان کو لگام دیں ،عظمیٰ بخاری