علی امین گنڈا پور نااہلی کیس، الیکشن کمیشن کی کارروائی معطل

ویب ڈیسک: وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی نااہلی کے لیے پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی کارروائی کو معطل کردیا۔
پشاور ہائیکورٹ میں ہونیوالی سماعت کے دوران جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیئے کہ اب تو سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا ہے کہ کسی ادارے کے پاس کسی کو صادق و امین قرار دینے کا اختیار نہیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے اثاثے ظاہر نہ کرنے کے پیش نظر نااہلی کے لیے شکایت پر وزیراعلیٰ خیبرپختوںخوا علی امین گنڈا پور کو 26 مارچ کو طلب کررکھا تھا جس کے خلاف وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا تھا۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس وقار احمد نے علی امین گنڈا پور کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت علی امین گنڈا پور کے وکلاء سکندر شاہ ایڈووکیٹ اور عالم خان ایدنزئی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ علی امین گنڈا پور کا نوٹیفیکیشن جاری ہوا ہے جبکہ وہ حلف بھی لے چکے ہیں۔
جسٹس اعجاز انور نے ان کی وضاحت پر ریمارکس دیے کہ ابھی تو کچھ نہیں ہوا صرف نوٹس جاری ہوا ہے۔
جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ اب تو سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی آیا ہے کہ کسی ادارے کے پاس کسی کو صادق و امین قرار دینے کا اختیار نہیں، جس پر وکلاء نے جواب میں کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی علی امین گنڈا پور کی حمایت میں ہے۔
بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمشن کی کارروائی معطل کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

مزید پڑھیں:  جمرود، کوکی خیل متاثرین کمیٹی کا نقصانات کے ازالے کا مطالبہ