پاکستان سے غزہ

پاکستان سے غزہ کے لئے امدادی سامان کی 5ویں کھیپ روانہ

ویب ڈیسک: پاکستان سے غزہ کے لئے امدادی سامان کی 5ویں کھیپ روانہ کر دی گئی ہے۔
امدادی کھیپ ضروری اشیا پر مشتمل ہے جس میں غزہ کی زمینی ضروریات کے مطابق موسم سرما کے لیے گرم خیمے، ترپال اور کمبل شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے فلسطینیوں کی مدد کے لیے امدادی سامان خصوصی پرواز کے ذریعے نورخان ائیر بیس سے روانہ کر دی گئی۔
خصوصی پرواز امدادی سامان لے کر مصر کے شہر العریش پہنچے گی جہاں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے۔
امدادی سامان وصولی کے بعد تقسیم کے لیے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔
پاکستان فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت اور غزہ میں شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے غیر متناسب اور اندھادھند طاقت کے استعمال کی مذمت کرتا ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے 6 فروری کو 100 ٹن امدادی سامان کی چھٹی امدادی کھیپ کا بھی انتظام کیا گیا ہے جو کراچی سے مصر کے لیے روانہ ہوگی۔
پاکستان کی جانب سے اب تک غزہ کی مصیبت زدہ عوام کے لیے پانچ پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر 230 ٹن امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے۔

مزید پڑھیں:  سینئرفوجی کمانڈروں کی شہیدکسٹم اہلکاروں کے اہلخانہ سے ملاقاتیں